شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مرکزی انجمن تاجران شیخوپورہ نے کہا ہے کہ ملک میںبڑھتی مہنگائی و بیروزگاری حکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت ہے عوام کو مشکلات سے نجات دلانے کی بجائے ان کے مسائل میں اضافہ کردیا گیا ہے ہر گزرتا دن عوام کیلئے مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے ، حالات کی سنگینی کا تقاضا ہے کہ نا اہل حکمرانوں سے نجات حاصل کرکے حقیقی عوام دوست قیادت کو ملکی امور چلانے کا موقع دیا جائے،نوائے وقت فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر میاں ذیشان پرویز ، جنرل سیکرٹری ملک پرویز اقبال، نائب صدور شیخ عظیم جاوید، ملک ندیم یوسف ڈالو ، حاجی محمد اکرم سرہندی اور حاجی اکبر علی چوہان نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے ماڈل پر پاکستان کو استوار کرنے کی باتیں کرنیوالے حکمرانوں کا کوئی عمل ریاست مدینہ کے مطابق نہیں سود کی لعنت پاکستان کے مالیاتی نظام کو تباہ کررہی ہے جس کے باوجود اس سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی کوئی پالیسی مرتب نہیں کی جارہی عوام جب تک اپنے حقوق کے تحفظ کی خاطر خود باہر نکل کر صدائے احتجاج بلند نہیں کریں گے ان کا کوئی مسئلہ حل ہونے والا نہیں، تاجر برادری اپنے حقوق کی جدوجہد مزید تیز کرے گی اور حکمرانوں کی معیشت و عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے گی۔