لاہور(کامرس رپورٹر )اپٹما نے دھاگے کی برآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نہ صرف دہائیوں کے بعد ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافے کے رجحان کو تباہ کردے گی بلکہ حکومتی پالیسیوں کے بھی مترادف ہوگا۔چیئرمین اپٹما عبدالرحیم ناصر نے کہا کہ مخصوص ٹولہ دھاگے کی برآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ کے لئے سرگرم عمل ہے جو کسی طور پرملکی برآمدات کے لئے موزوں نہ ہوگا۔ اس کے ساتھ یہ سرمایہ کاری کے فروغ اور نوکریوں کے مواقع کو بھی محدود کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ویلیو ایڈڈ سیکٹر کی ضرورت کے مطابق دھاگے کی مطلوبہ مقدار موجود ہے جس کا ثبوت ٹیکسٹائل برآمدات کا 15.4 ارب ڈالر تک پہنچنا ہے۔ دھاگے کی پیداوار ملکی ضروریات کا 90 فیصد ہدف حاصل کر رہا ہے جبکہ صرف 10 فیصد دھاگہ ایکسپورٹ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی کا نفاذ فری مارکیٹ میکنزم کی نفی ہوگا۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان، مشیر تجارت عبدالزاق داؤد اور وزیر خزانہ شوکت ترین سے صورت حال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ملکی معیشت کے وسیع تر مفاد میں پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنائیں۔
دھاگے پر ریگولیٹری ڈیوٹی برآمدات میں اضافے کے رجحان کو تباہ کردیگی :اپٹما
Sep 28, 2021