لاہور(لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی نے کہا ہے کہ مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ روپے کی قدر میں کمی ہے اس قدر کمی کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔ دوسری بڑی وجہ چینی، گندم اور کپاس کی درآمد برآمد کی پالیسی ہے۔ پھر تیل، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مستقبل میں مزیدمہنگائی ہوگی ۔سٹیٹ بنک کے تازہ اعدادوشمار بھی مہنگائی کی پیشگوئی کر رہے ہیں اس کے ہمارے معاشرے اور ہماری سیاست پر گہرے اثرات ظاہر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روپے کی اتنی بے قدری کبھی نہیں ہوئی جتنی اب ہے۔ اب ڈالر بہت اونچی اْڑان بھر رہا ہے۔ اس بات کی سمجھ نہیں آ رہی کہ حکومت کے بقول معیشت مستحکم ہو چکی ہے۔ زرِمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ بیرون ملک سے پاکستانی ڈالر پاکستان بھیج رہے ہیں لیکن پھر ڈالر کی قیمت کیوں چڑھتی جا رہی ہے۔