راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے )کمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ نے کہا ہے کہ ڈینگی کا کنٹرول انتظامیہ کیلئے ایک چیلنج ہے اور تمام ادارے مکمل طور پر متحرک ہو کر تعاون سے کام کریں تاکہ 2019 والی صورتحال نہ پیدا ہو اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں ڈینگی ایک وباء بن گیا تھا جبکہ 2020 میں ڈینگی کے صرف 17 ڈینگی کے مریض رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 2021ء ، میں ابھی تک ڈینگی کے 94 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے گزشتہ ایک ہفتہ میں ڈینگی کے 43 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ انتہائی تشویشناک صورتحال ہے،یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت اور انتظامیہ کے افسران شریک ہوئے،کمشنر گلزار حسین شاہ نے کہا کہ اکتوبر کا مہینہ ڈینگی کے حوالے سے ہمیشہ حساس ہوتا ہے کیونکہ اس دوران ڈینگی کے مریضوں میں خطرناک اضافہ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور ستمبر کے آخری ہفتہ سے ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں یکدم اضافہ تشویشناک ہے اور اس صورتحال کے پیش نظر تمام محکمے ہنگامی بنیادوں میں ڈینگی لاروا کی تلفی کا کام شروع کر دیں، جہاں ضروری ہو سخت کاروائی بھی کی جائے اور غفلت برتنے والے سٹاف اور افسران کیلئے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔