گھوٹکی میں آلودہ پانی سڑکوں پر آگیا،شہری پریشان

Sep 28, 2021

 میرپور ماتھیلو ( نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبداللہ نے  گھوٹکی شہر میں سڑکوں پر سیوریج کا پانی جمع ہونے پر سخت نوٹس لیتے میونسیپل کمیٹی گھوٹکی میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد کیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی اعجاز احمد ہالیپوٹو، ڈی ایس پی عبدالقادر چاچڑ، چیف میونسپل آفیسر علی رضا کھوسو،  مختیار کار ( ریونیو ) گھوٹکی، ایس ایچ او گھوٹکی اور پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے سب انجنیئر نے شرکت کی. اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کی کاکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا  کہ ڈسبوزل غیر فعال رہنے کی وجہ سے سیوریج کا  پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہوجاتا ہے، ایسی صورتحال کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں۔، ایگزیکیوٹو انجنئیر اپنی کاکردگی بہتر بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی.  انہوں نے سی ایم اوکو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر شہر بھر کے نالوں کی کھدائی کا کام شروع کیا جائے اس سلسلے میں ڈیلی ویجز کی بنیادوں پر مزدوروں کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ مستقبل میں ایسی صورتحال جنم نہ لے سکے جبکہ روزانہ کی بنیادوں پر رپورٹ بھی فراہم کی جائے. انہوں نے کہا کہ جب تک شہر کی صفائی ستھرائی کو یقینی نہیں بنایا جاتا تب تک محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ اور میونسپل کے ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی ہوگی۔اس موقع پر شہریوں عبدالمجید لاکھو اور احسان  کلادی نے ڈپٹی کمشنر کو شہر کے مسائل سے آگاہ کیا. بعد میں ڈپٹی کمشنر نے تعلقہ اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ کو حکم دیا کہ اسپتال کے مین گیٹ پر سائن بورڈ لگائے جائیں اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے.

مزیدخبریں