وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، جیل اصلاحات پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ

Sep 28, 2021 | 21:09

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جیل اصلاحات پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیلو ں میں ہفتہ رحمت اللعالمینۖ منانے کے فیصلے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہفتہ رحمت اللعالمینۖ کے موقع پر قیدیوں ا ور جیل حکام کیلئے پریزن پیکیج کااعلان کریںگے۔ اجلاس میں جیلوں میں خالی آسامیوں کو پر کرنے کیلئے مرحلہ وار بھرتی کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قیدیوں کیلئے کینٹین پر معیاری اشیاء مقررہ نرخ پر فراہم کرنے کے لئے فول پروف سسٹم وضع کرنے کاحکم دیا۔اجلاس میں قیدیوں کو تکیہ ، کمبل وغیر ہ گھر سے لانے کی ا جازت دینے کی تجویز پر اصولی ا تفاق کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر قیدیوں کی بیرکوں میں ڈش انٹینا/کیبل کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایاجائے، ان کے استحصال کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔ جیلوں میں کام کرنے والے قیدیوں کو مناسب معاوضے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قیدیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولتوں کیلئے جیل ہسپتالو ں میں ڈاکٹروں، طبی عملے او رادویات کی کمی کو پورا کیا جائے اور ایمرجنسی کی صورت میں قیدیوں کو ہسپتال شفٹ کرنے کیلئے ایمبولینس سروس شروع کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں کوشمسی توانائی پر منتقل کرنے کے پراجیکٹ پر کام کیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،آئی جی جیل خانہ جات اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں