قائمہ کمیٹی کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں مفت گندم کے بیج فراہمی کی سفارش 

Sep 28, 2022


اسلام آباد (نا مہ نگار)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کےلئے مفت گندم کے بیج کی فراہمی کو یقینی بنانے کی سفارش کر دی ہے جبکہ پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت ہے۔منگل کوقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کا اجلاس قومی زرعی تحقیقاتی مرکزچک شہزاد کے کمیٹی روم میں چئیرمین کمیٹی را محمد اجمل خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اراکین کمیٹی ریاض الحق، چوہدری محمد اشرف، چوہدری فقیر احمد، سید جاوید علی شاہ جیلانی، ذوالفقار ستار بچانی، کمال الدین، اور وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ، وزارت قانون و انصاف کے سینئر افسران/ اہلکاروں نے شرکت کی۔کمیٹی نے سفارش کی کہ صوبوں کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد شفاف طریقہ کار کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے مفت گندم کے بیج کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔کمیٹی نے ایگریکلچر ریسرچ سنٹر، بلوچستان کی زیر قبضہ اراضی کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ہدایت کی کہ چیئرمین پی اے آر سی بلوچستان میں زرعی تحقیقی مرکز کی اراضی کو خالی کرانے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ قائم کریں اور حکام کے ساتھ خط و کتابت بھی کمیٹی کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔ کمیٹی نے پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کے مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور متعلقہ حکام کو اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔کمیٹی نے رائے محمد مرتضی اقبال، ایم این اے کی طرف سے پیش کردہ "نیشنل فوڈ سیفٹی، اینیمل اینڈ پلانٹ ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ، 2021اور نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک، ایم این اے کی طرف سے پیش کردہ "دی سیف ملک اینڈ ڈیری بل، 2021"کومحرکین کی مسلسل غیر موجودگی کی وجہ سے مسترد کر دیا۔ کمیٹی نے ایوب ایگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، فیصل آباد اور "بہاولپور ایگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کو جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ قرار دینے کے لیے صوبائی حکومت کی تجویز" کے معاملے کو موخر کر دیا ۔
 سفارش 

مزیدخبریں