اسلام آباد دبئی (خبرنگار+ نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 8 ہزار 634 ٹیسٹ کئے گئے، مثبت کیسز کی شرح 0.45 فیصد رہی، کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا۔ قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے 8 ہزار 634 ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 39 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ، اس طرح مثبت کیسزکی شرح 0.45 فیصد رہی ہے۔ منگل کے روز این آئی ایچ کے جاری ٹویٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 80 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ متحدہ عرب امارات نے کرونا ایس او پیز میں مزید نرمی کا اعلان کیا ہے۔ پبلک مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی نہیں ہوگا۔ فیصلے پر عمل درآمد بدھ سے کیا جائے گا۔ عرب میڈیا کے مطابق نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ڈاکٹر سیف الظاہری نے کہا کہ پابندیوں میں کمی کا فیصلہ مسلسل تین ماہ تک کرونا کے باعث اموات نہ ہونے اور صحت صورتحال مستحکم ہوجانے پر کیا گیا ہے۔ مساجد میں نمازیوں کے درمیان فاصلے کی پابندی ختم ہوجائے گی۔ تاہم نمازیوں کے لیے گھروں سے جائے نمازیں لانے کی پابندی برقرار رہے گی۔ سول ایوی ایشن نے فضائی کمپنیوں کو اختیار دیا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو مسافروں کو ماسک کے استعمال کا پابندی کرائیں اور پابندی ختم بھی کرسکتے ہیں۔ امارات نے کرونا سے متاثرین کےلیے آئسولیشن کا دورانیہ کم کرکے پانچ دن کردیا ہے۔
یو اے ای کرونا نرمی