عمران کی لیک ویڈیوز دکھانے کے قابل نہ لندن واقعہ پر ایکشن لیا جائے گا: رانا ثناء

Sep 28, 2022

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کو لندن واقعہ میں ملوث افراد سے ہمدردی ہے اگر ان کے خلاف ایکشن لیں تو ہمدردی ختم ہو جائے گی۔ اس لئے حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا کہ وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کے ساتھ ہونے والے اس واقعہ پر ایکشن نہیں لے گی‘ نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں پیش آنے والے واقعہ کے بعد ہمارے ساتھ ہمدردیاں بڑھی ہیں اور اس واقعہ میں ہمارا کوئی نقصان نہیں ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے کہا  ہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں کوئی فون باہر نہیں رکھتا۔ وزیراعظم کی لیک ہونے والی آڈیو میں کوئی غلط بات نہیں ہوئی۔ ہم میں سے اکثر لوگ موبائل اندر لے جاتے ہیں جو غیر محتاط رویہ ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ایک ویڈیوز دیکھنے یا دکھانے کے قابل نہیں ہیں۔ عمران خان چار ماہ پہلے کیا کہہ رہے تھے کہ ویڈیو سے یہ میری کردار کشی کریں گے۔ ہماری آڈیو لیکس میں جو باتیں ہیں وہ جائز ہیں کسی پر حرف آنے والی باتیں نہیں ہم نے ایسی بات نہیں کی جو اخلاقی و ریاستی مفادات یا سیاسی معیار کے خلاف ہو ہم توقع نہیں کر رہے تھے کہ وہاں کوئی ایسی ہیکنگ کی گئی ہے۔ عمران خان اپنے متعلق جن ویڈیوز پر اپنے کارکنوں کو ذہنی طور پر پہلے سے تیار کرتے رہے ہیں وہ ویڈیوز ہم نے دیکھی ہیں‘ وزیراعظم آزاد کشمیر سے متعلق بھی بہت کچھ ہے، آج کے زمانے میں ریکارڈنگ کوئی اتنا بڑا کام نہیں رہا۔ اب عمران خان اسلام آباد آئیں تو ان کا پکا بندوبست کریں گے۔ عمران خان کا ’’مکو‘‘ ٹھپ دیں گے۔ 

مزیدخبریں