حیدرآباد(بیورو رپورٹ)ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی چیئرپرسن حنا جیلانی نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سمیت ملک بھر میں بارش اور سیلاب سے زیادہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث تباہی ہوئی ہے ۔اعداد و شمار اکٹھا کیا جا رہا ہے اور جلد ہی قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں سے پہلے ہی آگاہ کردیا کیا گیا تھا لیکن نااہل حکمرانی کے باعث پیشگی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے 35 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ حالیہ قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے اکیلے ریاست میں صلاحیت نہیں، سول سوسائٹی سمیت عوام کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔سندھ کی زراعت اور بلوچستان کا انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا، پنجاب کے سرائیکی علاقے سمیت کے پی کے اور گلگت بلتستان کو بھی نقصان پہنچا، سندھ اور بلوچستان میں زیادہ تباہی ہوئی ہے ،انہوںنے کہا کہ متاثرین کو زمین کے حساب سے گھر دیئے جائیں۔ متاثرین کی حقیقی بحالی کا فوری بندوبست کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہماری معلومات کے مطابق سیلاب متاثرین کی امداد کے دوران سیاسی اثرورسوخ استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے حقیقی متاثرین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، فنڈ کی تفصیلات ظاہر کی جائیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ امداد میں شفافیت لائی جائے۔ اور سیلاب زدگان کی بحالی کے کام اور اسے کرپشن سے پاک رکھا جائے تاکہ عوام کا ریاست پر اعتماد بحال ہو سکے۔
حنا جیلانی
حکمرانوں کی نااہلی سے سیلاب نے تباہی پھیلائی‘ حنا جیلانی
Sep 28, 2022