لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے۔بھارتی ٹیم روہت شرما کی زیر قیادت ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شریک ہوگی، میگا ایونٹ کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، جہاں آل راؤنڈر رویندا جدیجہ انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے۔میگا ایونٹ سے قبل بھارت آج سے جنوبی افریقہ کیخلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے جارہا ہے، اس سیریز میں بھارتی ٹیم کو دیپک ہڈا کی خدمات حاصل نہیں ہونگی، ان کی جگہ شریس ایر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل دیگر تین کھلاڑی کے ایل راہل، جسپریت بمراہ اور ہرشل پٹیل کو شامل کیا گیا ہے تاہم ان کرکٹرز کی فٹنس تاحال سوالیہ نشان ہے، کے ایل راہول نے انجری سے چھٹکارہ پانے کے بعد اگست میں ٹیم کو جوائن کیا تھا تاہم وہ ابھی تک متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا سکے ہیں۔فاسٹ بائولر ہرشل پٹیل بھی انجری سے نجات پانے کے بعد جولائی میں بھارتی ٹیم میں شامل ہوئے مگر وہ اپنی فارم تاحال حاصل نہ کرسکے ہیں،جسپریت بمراہ بھی ابھی تک ٹیم کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے ہیں۔