ذخائر مسلسل کم ہورہے موسم سرما میں گیسں بحران کا خدشہ سیکرٹری پیٹرولیم

Sep 28, 2022

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سیکرٹری پیٹرولیم نے موسم سرما کے دوران ملک بھر میں گیس کے بحران کا خدشہ ظاہر کردیا۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان کی سربراہی میں پی اے سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پیٹرولم ڈویژن کی سال 2019 – 20 کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری پیٹرولیم علی رضا بھٹہ نے پی اے سی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں سردیوں کے دوران گیس بحران کا خدشہ ہے کیوں کہ مقامی گیس ملکی ضرورت پورا نہیں کررہی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں قدرتی گیس کے ذخائر مسلسل گر رہے ہیں، جس کا اندازہ سالانہ بنیادوں پر 10 فیصد لگایا گیا ہے۔ سیکرٹری پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ یوکرائن جنگ کے بعد دنیا میں گیس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، اس وقت دنیا میں گیس دو تین فیصد مہنگی ہوچکی ہے اور مارکیٹ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم گیس نہیں خرید سکتے۔ علی رضا بھٹہ نے کہا کہ ہماری زیادہ گیس گھریلو صارفین کو جاتی ہے جس پر زیادہ سبسڈی دے رہے ہیں، مارکیٹ میں طلب بڑھنے کے باوجود قطر نے ایل این جی نہیں روکی۔ اس وقت دنیا میں گیس مالیکیولز دستیاب نہیں اور ان دنوں یورپ میں گیس کی طلب بڑھ گئی ہے، ان ممالک کی قوت خرید زیادہ ہے وہ مہنگی خرید سکتے ہیں۔ اس موقع پر نور عالم خان نے کہا کہ ملک کی بدقسمتی ہے گرمیوں میں بجلی غائب سردیوں میں گیس، کیا ایل این جی خریداری سے سردیوں کیلئے گیس دسیتاب ہوگی۔
سیکرٹری پٹرولیم

مزیدخبریں