وکلا کالونی کیلئے رقبے کی فراہمی میں تاخیر‘کمشنر ڈیرہ 3اکتوبر کو طلب


ملتان (سپیشل رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جج مسٹر جسٹس انوار حسین نے ڈیرہ غازی خان میں وکلا کالونی کیلئے مخصوص رقبہ وعدے کے مطابق ایسوسی ایشن کو منتقل نہ کرنے اور تاخیری حربے استعمال کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کو اصالتا 3 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیاہے ورنہ انہیں گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ غازی خان کے صدر عارف خان گرمانی جنرل سیکریٹری شیخ محمد شفیق  کی جانب سے شیخ۔ جمشید حیات۔محمد وسیم خان جسکانی۔سردار ظفر احمد لنڈ،ضیغم اللہ سوری ،مرزا ادریس بیگ پیش ہوئے۔انہوں نے فاضل عدالت کو آگاہ کیا کہ متعلقہ افسران عدالت کے روبرو وعدہ کرنے کے باوجود اراضی کی منتقلی کے معاملہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں جس کی وجہ سے وکلا کالونی کا معاملہ کھٹائی میں پڑا ہوا ہے اس صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کی انتظامیہ کی انڈر ٹیکنگ ریکارڈ پر ہے اس کے باوجود بار کو پریشان کیا جارہاہے۔ اس کیس میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ غازی خان کے وکلا نے توہین عدالت کی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ وکلاء کے لیے دی گئی کالونی کی الاٹمنٹ بھی ہوچکی ہے مگر ابھی تک یہ رقبہ بار ایسوسی ایشن کو منتقل نہیں کیا جارہا ہے

ای پیپر دی نیشن