شان رحمۃ للعالمینؐ تقریبات کا آغاز‘ ربیع الاول کے سرکاری پروگراموں کی منظوری

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے قائم کی گئی کابینہ کی شان رحمۃ للعالمینؐ تقریبات کمیٹی نے ربیع الاول کے سرکاری پروگراموں کی منظوری دے دی ہے۔ آج سے پنجاب بھر میں شان رحمۃ للعالمینؐ تقریبات کا آغاز ہو جائے گا۔ تمام سرکاری محکموں کو یکم سے 12 ربیع الاول کے درمیان میلادالنبی کے پروگراموں کے لئے فوکل پرسن نامزد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شان رحمۃ للعالمینؐ تقریبات کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر پارلیمانی امور، کوآپریٹوز و تحفظ ماحول محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں، وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات عمر سرفراز چیمہ، معاون خصوصی وزیراعلیٰ برائے اوقاف سید رفاقت علی گیلانی اور متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں سرکاری محکموں کی طرف سے پیش کئے گئے ربیع الاول کے پروگراموں کے شیڈول میں بتایا گیا کہ یکم سے 12 ربیع الاول کے درمیان سکولوں، کالجوں کے زیراہتمام تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر قرات، نعت اور سیرت طیبہ پر تقریروں کے مقابلے ہوں گے۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے کہا کہ ربیع الاول خوشی اور مسرت کا مہینہ اور حضور اکرمؐ  کی سیرت طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ شان رحمۃ للعالمین تقریبات کا مقصد نئی نسل میں سیرت طیبہ کو مزید اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے ربیع الاول کے پروگرامز کیلئے خصوصی فنڈز کے اجرا کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں بین الاقوامی مشائخ و علماء سیرت کانفرنس ہوگی۔
شان رحمۃ للعالمینؐ / تقریبات

ای پیپر دی نیشن