لاہور(خصوصی نامہ نگار)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اورزکوۃ فاؤنڈیشن امریکہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مشترکہ امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔جس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبد الشکور اور زکوٰۃ فاؤنڈیشن امریکہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فرخ رضا شریک ہوئے۔ فرخ رضا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زکوۃفاؤنڈیشن امریکہ،الخدمت کے تعاون سے سیلاب متاثرین میں 140 ٹن چاول تقسیم کر رہی ہے۔ زکوٰۃ فاؤنڈیشن امریکہ میں مقیم مسلمانوں کا رفاہی ادارہ ہے جو پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں رفاہی کاموں میں پیش پیش ہوتا ہے۔ محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی سیلاب متاثرین کیلئے کاوشوں میں جہاں پاکستانی الخدمت کے ساتھ بھرپور تعاون کرر ہے ہیں وہیں بیرون ملک مقیم پاکستانی اور ڈونر ادارے بھی کسی سے پیچھے نہیں۔