فیروز والہ( نامہ نگار) اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت تحصیل فیروز والا ڈاکٹر رانا قربان علی خان نے سموگ کی روک تھام کیلئے کیے گئے انتظامات کے سلسلہ میں فصلوں کے کاشتکاروں سے بیان حلفی لینا شروع کر دئیے۔ کاشتکاروں کو سموگ قابو پانے کیلئے آگاہی فراہمی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانپور ،کوٹ پنڈی داس اور دیگر مقامات پر کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اور انہیں ماحولیات کی الودگی قابو پانے کیلئے تفصیلی اگاہ کیا جا رہا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر رانا قربان علی خان نے کہا کہ لاہور سے اسلام آبادموٹروے اور لاہور سے سیالکوٹ، کالاختائی روڈ پر واقع تمام دیہاتوں کے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دھان کی فصل کی باقیات کو اگ نہ لگائیں تاکہ سموگ کی روک تھام ہو سکے خلاف ورزی کرنے والے کاشتکاروں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔ محکمہ زراعت کی ٹیمیں نے سموگ کی آگاہی کے بارے میں دیہات کی سطح پر مساجد میں جا کر اعلانات کروانے سلسلہ شروع کر دیا ہے۔