پاکستان میں بجلی کا ریٹ تمام ممالک سے زیادہ ،ڈیم بنائے جائیں :سید محمود غزنوی

لاہور(کامرس رپورٹر ) کٹار بند روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق نائب صدر سید محمود غزنوی نے لائن لاسز، بجلی کی چوری پر کنٹرول کرنے اور سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے ڈیم بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔کٹار بند روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید محمود غزنوی نے کہا ہے کہ بجلی کے شعبہ کے لاسز اور سرکلر ڈیبٹ کا تمام تر بوجھ ایماندار صارفین پر ڈال دیا گیا ہے جوکہ ناانصافی ہے۔ بزنس کمیونٹی پہلے ہی کافی سخت حالات سے گزر رہی ہے اور ایسے میں بجلی کے بھاری بل اور اوور بلنگ نے ان کی کمر توڑ دی ہے۔ پاکستان میں بجلی کا ریٹ خطے کے دوسرے سب ممالک سے زیادہ ہے تو پھر انٹرنیشنل مارکیٹ میں ان ممالک کا مقابلہ کیسے ہوسکتا ہے کیونکہ انڈسٹریل پروڈکشن کیلئے بجلی ضروری ہے اور اس کے ریٹ میں اضافہ انڈسٹری کی ان پٹ کاسٹ بڑھاتا ہے۔ گوکہ بجلی چوروں کے خلاف ایکشن جاری ہے لیکن اسے مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو پہلے ہی فارن ایکسچینج کی کمی درپیش ہے۔ اس مالی سال کے دوران مجموعی طور پر پاکستان کو 30ارب ڈالر کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ ان حالات میں بجلی پیدا کرنے کیلئے فرنس آئل کی امپورٹ پر ڈالر ضائع کیے جارہے ہیں۔ انٹرنیشنل فنانشل انسٹی ٹیوشنز اور دوست ممالک سے پاکستان میں ڈیم بنانے کیلئے مدد طلب کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن