لاہور( کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور اور سینئر نائب صدر ظفر چوہدری نے لاہور چیمبر قائمہ کمیٹی برائے ڈویلپرز ،بلڈرز و ہاﺅسنگ سکیمزکے کنوینر ندیم پہلوان کی زیر صدارت اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں تعمیراتی اور رئیل سٹیٹ سیکٹر کو درپیش مشکلات کے حوالے سے غور کیا گیا۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے کہا کہ تعمیراتی اور رئیل سٹیٹ سیکٹرکو جن مشکلات کا سامنا ہے انہیں نہ صرف متعلقہ اداروں کے سامنے اٹھایا جائے گا بلکہ انہیں حل بھی کرایا جائے گا۔ندیم پہلوان نے کہا کہ اگر حکومت سرخ فیتے کا خاتمہ ،ٹیکسز میں چھوٹ اور مراعات دے تو مقامی اور خصوصاً اوورسیز پاکستانیوں کو تعمیراتی صنعت اور رئیل سٹیٹ میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا جا سکتا ہے۔ لوگوں کو چھت کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے 3 ،5 ،7 اور10 مرلہ کے پلاٹوں اور مکانوں پر ٹیکسز اور ٹرانسفر فیس میں رعایتیں دی جائیں۔ اجلاس میں عدنان چوہدری ،میاں لطیف ، نعیم گورائیہ سمحیہ ، صباء، نوید پہلوان ، عدنان چٹھہ ، بابر بٹ سمیت دیگر بھی موجو د تھے۔ندیم پہلوان نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ہر شعبہ تنزلی کا شکار ہے۔ حکومت ایسی پالیسیاں لائے جس سے تعمیراتی سر گرمیوں اور رئیل سٹیٹ سیکٹر کو تحرک ملے جس سے نہ صرف نئی سرمایہ کاری آئے گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اوورسیز پاکستانی اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں لیکن سرکاری اداروں کی جانب سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹیں اور بے جا ٹیکسز اس میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
تعمیراتی ، رئیل سٹیٹ سیکٹرمشکلات کو متعلقہ اداروں میں اٹھایا جائےگا : کاشف انور
Sep 28, 2023