کندھ کوٹ: کچے کے گھر میں راکٹ کا گولا پھٹنے سے بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق

Sep 28, 2023

کشمور +اسلام آباد(این این آئی+نامہ نگار) سندھ کے ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے گھوڑہ گھاٹ کے ایک گھر میں راکٹ کا گولہ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق راکٹ کا گولہ بچوں کو زرعی زمین سے ملا تھا۔ایس ایس پی روحل کھوسو نے بتایا ہے کہ تفتیش کے مطابق بچے راکٹ کا گولہ گھر لے آئے تھے جو دھماکے سے پھٹ گیا۔روحل کھوسو کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا دوسری جانب نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے کندھ کوٹ میں راکٹ پھٹنے پر آئی جی سے رپوٹ طلب کر لی۔ترجمان کے مطابق نگراں وزیرِ اعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کہا کہ راکٹ لانچر زنگی سبزوئی گوٹھ میں کیسے پہنچا، کوئی اسلحے کی کھیپ کچے میں اسمگل ہو رہی تھی؟نگراں وزیرِ اعلیٰ نے آئی جی پولیس سے سوال کیا کہ کیا گوٹھ میں ڈکیتوں کے سہولت کار موجود ہیں؟ راکٹ لانچر کیسے بلاسٹ ہوا، تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کندھ کوٹ میں گھر میں راکٹ لانچر کے گولہ پھٹنے سے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے ۔بدھ کو اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور انہوں نے اللہ تعالی سے جان بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔واضح رہے کہ کندھ کوٹ میں بدھ کو راکٹ لانچر کا گولا پھٹنے سے دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں سے بچوں اور خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کندھ کوٹ کے قریب کچے کے علاقے میں ایک گھر کے اندر راکٹ کا گولہ پھٹنے کے معاملہ پر بلاول بھٹو زرداری نے تشویش کا اظہار اور تحقیقات کا بھی مطالبہ کےا ہے۔

مزیدخبریں