اسرائیل کو بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرنا، 4جون کی حدود میں جانا ہوگا: سعودی عرب

ریاض (نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ فلسطین حل کئے بغیر مشرقِ وسطیٰ میں امن ممکن نہیں اور اسرائیل کو چار جون کی حدود میں جانا ہو گا۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ اسرائیل کو چار جون 1967ءکی حدود میں جانے کا عہد کرنا ہو گا۔ سعودی عرب کے مطالبے کا واحد مقصد فسلطینی عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔کابینہ نے مطالبہ کیا کہ مشرقی بیت المقدس کو ہی فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کیا جائے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ روز فلسطین میں اپنا پہلا سفیر مقرر کیا ہے جبکہ چند گھنٹوں قبل اسرائیل کے وزیر کی سعودی عرب اعلانیہ آمد بھی ہوئی ہے۔ اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب جلد اسرائیل کو تسلیم کر لے گا جس کے بعد مزید ممالک بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن