بغداد (اے پی پی)عراق کے صوبے شمالی نینوی کے ضلع ہمدانیہ میں شادی کی ایک تقریب میں آتشزدگی سے دولہا اور دلہن سمیت 113 سے زیادہ افرادجاں بحق اور 150 زخمی ہو گئے ہیں۔برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق نینوی کے ڈپٹی گورنر حسن العلق نے بتایا کہ 113 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ سرکاری میڈیا نے اموات کی تعداد 100 جبکہ زخمیوں کی تعداد 150 بتائی ہے۔سرکاری میڈیا کے مطابق مقامی شہری دفاع کا کہنا ہے کہ تقریب میں جشن کے دوران ہونے والی آتش بازی سے ایونٹ ہال میں آگ بھڑک اٹھی۔ابتدائی معلومات کے مطابق آتش زدگی کے باعث شادی ہال کی عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دلہا اور دلہن بھی شامل ہیں۔شادی کی تقریب میں آتشزدگی کا یہ واقعہ منگل کی شام کو شمالی صوبے نینوی کے ضلع ہمدانیہ میں پیش آیا۔ عراقی سول ڈیفنس کے ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے ہال کے کچھ حصے گر گئے جس کی وجہ انتہائی آتش گیر، کم قیمت اور غیر معیاری تعمیراتی مواد کا استعمال تھا جو آگ لگنے کے چند منٹوں میں ہی گرگیا۔عینی شاہدین کے مطابق آگ مقامی وقت کے مطابق رات تقریبا 10:45 پر لگی، اس وقت سینکڑوں لوگ شادی کی تقریب میں شریک تھے۔ حادثے میں زندہ بچ جانے والی 34 سالہ عماد یوحنا نے برطانوی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ہم نے ہال سے نکلتے ہوئے آگ کو پھیلتے ہوئے دیکھا تھا۔ کچھ لوگ اس میں سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے اور کچھ وہاں پھنس گئے، حتی کہ جو باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے تھے ان کی بھی حالت غیر تھی۔ سرکاری حکام کے مطابق ایمبولینسز اور طبی عملے کو فوری طورپر جائے حادثہ کی طرف بھیجا گیا ۔عراق کے وزیر اعظم کے دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیرااعظم نے حکام کو متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔علاقے کے گورنر نے بتایا کہ زخمیوں کو نینوی کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اموات اور زخمیوں کی تعداد حتمی نہیں ہے اور اس میں اضافہ کا اندیشہ ہے۔ حادثہ کے بعد ہمدانیہ کے مرکزی ہسپتال میں درجنوں افراد زخمیوں کے لیے خون کا عطیہ دینے پہنچ گئے۔
عراق: شادی کی تقریب میں آتشزدگی، دولہا، دولہن سمیت 113افراد جاں بحق، 150زخمی
Sep 28, 2023