لاہور (نوائے وقت رپورٹ + خبر نگار) صوبہ پنجاب میں آشوب چشم وبا کی شکل اختیار کر گیا۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں آشوب چشم کے مریضوں کی کل تعداد 86 ہزار 133 ہو چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں آشوب چشم کے 13 ہزار 732 مزید کیسز سامنے آئے جن میں سے 3 ہزار 878کا تعلق صرف ضلع بہاولپور سے ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فیصل آباد میں آشوب چشم کے ایک ہزار 721 اور لاہور میں 887 کیسز رپورٹ ہوئے۔ رواں سال کے دوران بہاولپور میں اب تک آشوب چشم کے 16 ہزار 744، فیصل آباد میں 10 ہزار 22 اور لاہور میں 7 ہزار 578 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے آشوب چشم کی بیماری اور حکومتی ناقص انتظامات کیخلاف درخواست پر وائرس پر قابو پانے کیلئے پنجاب حکومت کو اقدامات کرنے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ آشوب چشم سے شہر میں لاکھوں افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
آشوب چشم‘ پنجاب‘ ایک دن میں 13 ہزار کیس‘ حکومت اقدامات کرے: ہائیکورٹ
Sep 28, 2023