لوگ گائیڈڈ ٹورز کر کے گورنر ہا¶س کا وزٹ کر سکتے ہیں: بلیغ الرحمن

لاہور (نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گزشتہ روز گورنر ہاﺅس لاہور میں ورلڈ ٹورزم ڈے کے موقع پر گائیڈڈ ٹور کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور نگران کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے۔ محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ گورنر ہاﺅس ایک تاریخی عمارت اور قومی ورثہ ہے۔ پہلی بار گورنر ہاﺅس کے بیرونی حصے کے ساتھ اندرونی حصہ بھی عام لوگوں کی رسائی کے لئے منظم طریقے سے کھولا جا رہا ہے جہاں لوگ گائیڈڈ ٹورز کر کے گورنر ہاﺅس کا وزٹ کر سکتے ہیں۔ گورنر ہاﺅس میں مشہور مصور استاد اللہ بخش کی پینٹنگز موجود ہیں جس کو آرٹ گیلری کی شکل دی گئی ہے اور عبدالرحمن چغتائی کے مشہور فن پارے بھی موجود ہیں۔ گورنر ہاﺅس لاہور میں ملکی و غیر ملکی شخصیات جن میں ملکہ وکٹوریہ جیسے سربراہان بھی شامل ہیں قیام پذیر ہوتے رہے ہیں۔ پہلی دفعہ عام لوگوں کو یہ سب کچھ دیکھنے کا موقع ملے گا۔ وہ ڈائریکٹر جنرل ورلڈ سٹی کامران لاشاری اور سیکرٹری ٹورزم پنجاب، ان محکموں کے متعلقہ افسران اور گورنر سیکرٹریٹ کے افسران کو خاص طور پر سراہتے ہیں۔ محمد بلیغ الرحمن نے گائیڈڈ ٹور کے طریقہ کار کے بارے بتاتے ہوئے کہا کہ ورلڈ سٹی اتھارٹی نے ایک ایپ بنائی ہے جس کے ذریعے پری بکنگ کی جائے گی۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ ان تمام کاوشوں کا کریڈٹ گورنر پنجاب اور متعلقہ محکموں کو جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن