لاہور‘ فیروز والا‘ قصور‘ گوجرانوالہ‘ نوشہرہ ورکاں (نیوز رپورٹر + نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) فیصل آباد میں وکلاءکی بجلی چوری پکڑنے پر وہ آپے سے باہر ہوگئے اور مسلح ہوکر ایگزیکٹو انجینئر تاندلیانوالا کے دفتر میں گھس کر کنڈی لگا لی‘ گالی گلوچ کی، قتل کی دھمکیاں دیتے ہوئے زد وکوب کیا۔ دفتری عملہ نے شور پر دروازہ توڑ کر ایکسیئن کی جان چھڑائی۔ وکلاءاسلحہ لہراتے دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس تھانہ سٹی تاندلیانوالا نے 12وکلاءکے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ واقعات کے مطابق ایکسئین فیسکو تاندلیانوالا ڈویژن احسان الحق نے چند روز قبل کچھ وکلاءکی بجلی چوری پکڑی تھی۔ وکلاءان پر بار بار کارروائی نہ کرنے کا دباﺅ ڈال رہے تھے۔ نہ ماننے پر گزشتہ روز صدر تاندلیانوالا بار طارق سلیم وٹو، جنرل سیکرٹری بار صہیب مہدی گجر، سابق صدر بار مہر سخاوت فتیانہ، شہزاد بھٹی، ملک غلام مصطفیٰ وٹو اور چھ نامعلوم وکلاءایکسئین تاندلیانوالا کے دفتر داخل ہوئے، اندر سے کمرے کی کنڈی شہزاد بھٹی نے لگا دی۔ اور کہنے لگے ہمارے خلاف بجلی چوری کی مہم شروع کررکھی ہے آج تمہیں سبق سکھاتے ہیں۔ شور پر فیسکو کا عملہ اکٹھا ہوگیا اور باہر سے دروازے کی کنڈی توڑی اور منت سماجت کرکے احسان الحق کی جان چھڑائی۔ تھانہ سٹی تاندلیانوالا کے ایس ایچ او موقع پر پہنچے تو وکلاءدفتر سے جاچکے تھے۔ ان کے خلاف زیردفعہ 506ت ب،342ت ب اور186ت ب کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں فیسکو ٹیموں نے چیکنگ کے دوران مزید91بجلی چور وں کو پکڑلیاجو ڈائریکٹ سپلائی اور دیگر مختلف طریقوں سے بجلی چوری کرکے محکمہ کو نقصان پہنچارہے تھے ۔ان بجلی چوروں کوایک لاکھ95ہزارڈی ٹیکشن یونٹس پر مشتمل 79 لاکھ 17ہزاسے زائد کے جرمانے عائدکئے گئے ہیں۔تمام بجلی چوروں کے کنکشنزمنقطع کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں دائر کردی گئی ہیں۔ ایکسیئن کامران نوید نے ٹیم کے ہمراہ بجلی چوروں کیخلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے فیروز والا سے 55 بجلی چور پکڑ لئے‘ 80 لاکھ روپے جرمانے ڈال دیئے موقع سے 3 بجلی چور گرفتار اور کنکشن منقطع کر دیئے 25 ایکڑ زرعی زمین کو چوری بجلی استعمال کر کے سیراب کرنے والا افضال کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا لیسکو حکام کی رپورٹ پر پولیس نے مقدمات درج کر لیے۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر لیسکوکے پانچوں اضلاع میں بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ڈیڈ ڈیفالٹرزسے وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ مہم کے پندرہویں روز 936ڈیفالٹرز سے30.56 ملین کی وصولی کرلی گئی ہے۔ لیسکو ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نادرن سرکل میں چیف انجینئراو اینڈ ایم (ٹی اینڈ جی) ظفر اقبال نے تحصیلدار سٹی مجاہد ضیا اور تحصیلدار شالیمار نوریز ہمایوں کی معاونت سے 94 ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 3.04ملین اور ایسٹرن سرکل میں 93 ڈیڈ ڈیفالٹرز سے5.47 ملین کی ریکوری کی۔ دوسری جانب منیجر میٹریل ڈسپوزل انجینئر انور وٹو نے تحصیلدار ماڈل ٹاو¿ن رانا ارسال اور تحصیلدار کینٹ سجاد قریشی کے ساتھ مل کر سینٹرل سرکل میں 141ڈیفالٹرز سے 5.19ملین اور ساو¿تھ سرکل میں 40ڈیفالٹرز سے 2.08 ملین کی ریکوری کی۔ اسی طرح منیجر ٹیکنیکل انجینئر محمد فاروق نے تحصیلدار ننکانہ محمد اقبال رشید اور تحصیلدار شیخوپورہ محمد اسلم گجر کی معاونت کے ساتھ ننکا نہ سرکل میں 112 ڈیفالٹرز سے 2.51ملین اور شیخوپورہ سرکل میں 51ڈیفالٹرز سے4.59ملین کی ریکوری کی۔ منیجر ای اینڈ ایس (پی ایم یو) انجینئر عباس علی نے نائب تحصیلدار قصور اور اوکاڑہ مرزا زاہد بیگ کی معاونت سے اوکاڑہ سرکل میں 136ڈیفالٹرز سے1.75ملین جبکہ قصور سرکل میں 269ڈیفالٹرز سے 5.93ملین کی ریکوری کی گئی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو نے ڈیڈ ڈیفالٹرز کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ نادرن سرکل میں 1443ڈیفالٹرز سے50.56ملین روپے، ایسٹرن سرکل میں 1643ڈیڈڈیفالٹرز سے106.44ملین کی ریکوری کی گئی۔ سینٹرل سرکل میں 1660ڈیفالٹرزسے65.14ملین اور ساو¿تھ سرکل میں 908ڈیفالٹرز سے29.27ملین کی ریکوری کی گئی۔ ننکانہ سرکل میں 1018 ڈیفالٹرز سے 23.66 ملین اور شیخوپورہ سرکل میں 1252ڈیفالٹرز سے63.25ملین کی ریکوری کی گئی، جبکہ قصور سرکل میں 3433 ڈیفالٹرز سے76.80 ملین کی ریکوری کی گئی۔ گیس چوری کریک ڈاو¿ن جاری ہے۔ پنجاب، خیبر پی کے اور اسلام آباد میں مزید 188گیس کنکشن منقطع،277 انڈر بلنگ کیسز پروسیسڈکئے اور 80 لاکھ سے زائدکے جرمانے عائد کئے گئے۔ لاہور ریجن نے گیس چوری کا منصوبہ ناکام بنا دیا، غیرقانونی300 فٹ طویل بچھائی گئی فیک لائن منقطع کر دی۔ سوئی ناردرن گیس نے لاہور میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر10گھریلو کنکشن اور کمپریسر کے استعمال پر09 کنکشن منقطع کیے گئے جبکہ40 انڈر بلنگ کیسز پروسیس کئے گئے اوردس لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ شیخوپورہ میں گیس کے براہ راست استعمال اور غیر قانونی توسیع پر 21کنکشن منقطع کردیے گئے جبکہ 66انڈر بلنگ کیسز پروسیس کئے گئے۔ لاہور ریجن نے ڈوبن پورہ، سبزہ زار کے علاقے سے گلی میں 300 فٹ بچھائی گئی فیک لائین پکڑ لی، جس کو گیس مین لائن سے منسلک کرکے گیس چوری کا منصوبہ تھا جسے بروقت کارروائی کرکے لاہور ریجن کی ٹیموں نے موقع سے کھدائی کرکے نکال لیا گیا ہے۔ اورگیس چوروں کے خلاف متعلقہ تھانے میں کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ قصور کے نواحی گاو¿ں میر محمد میں دیہاتیوں نے لیسکو اہلکاروں پر ڈنڈوں سوٹو سے حملہ کر دیا۔ ملازمین ریکوری کے لئے گاو¿ں میر محمد گئے ہوئے تھے۔ مقامی لوگوں نے لیسکو اہلکاروں کو دیکھ کر لوگوں کو اکٹھا کیا اورسوٹوں ڈنڈوں سے اہلکاروں پر چڑھ دوڑے۔ دیہاتیوں نے لیسکو کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ گاڑیوں کے شیشے توڑ دئیے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل اسی گاو¿ں سے لیسکو اہلکار ٹرانسفارمر اتار لائے تھے۔ تھانہ راجہ جنگ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شرپسند عناصر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ گیپکو ریجن بھر میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈا¶ن اکیسویں روز بھی بھرپور طریقے سے جاری رہا، مزید 65بجلی چور پکڑے گئے ، 1022کے خلاف مقدمات درج ، 180گرفتار، حالیہ مہم کے دوران پکڑے جانے والوں کی مجموعی تعداد1141ہو گئی،10 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے وصول کئے گئے۔وزارت توانائی کی ہدایات پرگیپکو ریجن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئرمحمد ایوب کی زیر نگرانی ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاﺅںاکیسویں روز بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاﺅالدین، حافظ آباد اور نارووال میں خصوصی چیکنگ ٹیموں نے گزشتہ روز کامیاب کارروائیوں کے دوران مزید 65 بجلی چوروں کو پکڑ لیا جو ڈائریکٹ سپلائی، میٹر کی باڈی میں سوراخ کرکے، شنٹ سسٹم، میٹر کی باڈی ٹیمپرڈ کرکے اور مختلف طریقوں سے بجلی چوری کرکے محکمہ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا رہے تھے۔ نوشہرہ ورکاں میں سرویلنس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ریاض احمد، جاوید، اویس اور احتشام کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ مقامی پولیس نے ایس ڈی او سکندر ریاض اور محمد مبشر کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔