لندن‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والوں کی طرح قانون کے کٹہرے میں لایا گیا ہے اور ان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہورہی۔ امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ کو انٹرویو میں وزیراعظم نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان کو غیر قانونی کارروائیوں پر اسی طرح کٹہرے میں لایا گیا جیسے کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والوں کو لایا گیا۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ روس اور یوکرائن جنگ میں پاکستان غیر جانبدار ہے۔ ہماری ساری توجہ اپنے قومی مفادات پر ہے۔ چین پاکستان کا سدا بہار دوست اور سٹرٹیجک شراکت دار ہے۔ دوسری جانب نگران وزیر اعظم لندن سے نجی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں مدینہ کے گورنر فیصل بن سلمان نے ان کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ انوار الحق کاکڑ آج عمرہ ادا کریں گے۔30 سال میں مغرب کا پاکستان کے ساتھ سلوک غیر منصفانہ رہا۔ پاکستان عالمی طاقتوں کے درمیان محاذ آرائی میں فریق نہیں بنے گا۔ ہماری توجہ اپنے قومی مفادات پر مرکوز ہے۔