فیروز والہ( نامہ نگار)سابق وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور عمر عطا بندیال کی غیر آئینی فیصلوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ اگر منتخب وزیر اعظم نواز شریف کو ایک سازش کے تحت نہ ہٹایا جاتا تو پاکستان ایک مضبوط مستحکم اور خوشحال پاکستان ہوتا۔ پاکستان کو سری لنکا بنانے والوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوچکی ہے۔ مسلم لیگ نواز کا عوام کے پاس جانے کا سب سے بڑا بیانیہ ماضی میں ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات ھیں ملک کو مضبوط بنانا مسلم لیگ نواز کے ایجنڈے میں سر فہرست ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیمپ افس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیر محمد اشرف رسول ،محمود اختر گورایہ، حاجی طارق محمود ڈوگر، ملک نوید احمد چوہان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اورسابق وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی ایک حقیقت ہے۔ شیڈول میں کوئی رد و بدل نہیں مسلم لیگ نواز کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لے رہی ہیں۔ لاہور ائیرپورٹ پر نواز شریف کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا اور لیگی کارکنان بڑی بے تابی کے ساتھ نواز شریف کا انتظار کر رہے ہیں۔