لاہور(نیوز رپورٹر)کنٹونمنٹ بورڈ والٹن کی انتظامیہ نے نیو سپر ٹاو¿ن کے علاقے غزنی لین کو بدبو اور مچھروں کی نرسریوں میں تبدیل کر دیا ہے۔ اس علاقے کے مرکز سے گزرنے والے گندے نالے کی صفائی نہ ہونے سے یہ علاقہ گندے پانی کے جوہڑوں میں بھی تبدیل ہو چکا ہے۔ مکینوں کا مقدر بیماریاں اور ڈینگی بخار بن چکا ہے۔ اس وقت علاقے میں نالے کی بندش سے اس قدر پانی کھڑا ہے کہ نالہ اور سڑک ایک ہو چکے ہیں اور یہ نہیں پتہ چل رہا کہ کہاں سڑک ختم ہوتی ہے اور کہاں نالہ شروع ہوتا ہے۔ یہ نالہ رہاشیوں کیلئے عذاب سے کم نہیں ہے اور ایک آفت کا درجہ اختیار کر چکا ہے۔سالہا سال سے اس نالے کی صفائی نہیں ہوئی اور نہ ہی جگہ جگہ سے ٹوٹے پھوٹے نالے کی تعمیر و مرمت ہوئی ہے جس سے غزنی لین کہ مقام پر ہاف کلومیٹر تک یہ نالہ گندے تالاب کا منظر پیش کرتا ہے جہاں بدبو اور تعفن تو اپنی جگہ مچھروں کی بہتات ہے ۔نالے کی صفائی اور تعمیر و مرمت کے نام پر فنڈز کھانے والا کنٹونمنٹ بورڈ والٹن خواب خرگوش کے مزے لے رہا ہے۔ لوگوں نے کہا کہ سٹیشن کمانڈر اور سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ والٹن کو ایک سو سے زائد مواقعوں پر درخواستیں دے چکے ہیں کہ گندے نالے کی صفائی کی جائے نکاسی کو یقین بنایا جائے، نالے کی تعمیر و مرمت کی جائے یا اس کو مستقل طور پر بند کیا جائے مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی اور اب لوگ یہاں بیماریوں سے مرنے لگے ہیں۔انہوں نے کور کمانڈر لاہور سے مطالبہ کیا ہے کہ نااہل افسروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔
نیو سپر ٹاون غزنی لین بدبو، مچھروں کی نرسریوں میں تبدیل
Sep 28, 2023