دنیا کے خوبصورت ترین ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے اور اسی وجہ سے ہر سال متعدد سیاح یہاں آتے ہیں۔اسی حوالے سے معروف سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک نے بھی اپنے پلیٹ فارم پر گھومو پاکستان نامی مہم شروع کی تھی جو 2 ماہ جاری رہنے کے بعد عالمی یوم سیاحت (27 ستمبر) پر اختتام پذیر ہوگئی۔اس مہم کے دوران #GhoomoPakistan اور #ThisisPakistanہیش ٹیگز کے ساتھ پوسٹ ہونے والی ویڈیوز کو 2 ارب 30 کروڑ بار دیکھا گیا۔سوشل میڈیا کمپنی کے مطابق اس مہم کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور پاکستان میں سیاحت کے حوالے سے غیر ملکی سیاحوں کو لاحق خدشات کو دور کرنا تھا۔اس کے ساتھ ساتھ ایسے سیاحتی مقامات کو بھی اجاگر کرنا تھا جو اس وقت لوگوں کی توجہ کا مرکز نہیں تاکہ پاکستان کی اصل خوبصورتی، تاریخ، ثقافت اور دیگر پہلو نمایاں ہو سکیں۔اس مہم کے لیے ٹک ٹاک نے مقامی کریٹیرز کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے 100 سے زائد ویڈیوز پیش کیں۔اس کے ساتھ ساتھ ٹک ٹاک نے گھومو پاکستان نامی ٹریول ہب بھی متعارف کرایا جس میں مختلف راستوں کی تفصیلات، سیاحتی مقامات اور ہوٹلوں کے بارے میں تجاویز سمیت پاکستانی پکوانوں پر مشتمل سیکشن شامل تھا۔ٹک ٹاک پاکستان کے کانٹنٹ آپریشنز اور مارکیٹنگ کے سربراہ سیف مجاہد نے بتایا کہ سیاحت ایک بہت مقبول موضوع ہے اور ہم اپنیGhoomoPakistan # مہم کے اثرات دیکھ کر مزید پرجوش ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی ٹک ٹاک کمیونٹی کے ساتھ پاکستان کے تنوع اور خوبصورت مناظر کو اجاگر کیا۔
ٹک ٹاک کی پاکستان کی سیاحت اجاگر کرنے کیلئے گھومو پاکستان مہم
Sep 28, 2023 | 15:00