لاہور(نیوز رپورٹر) امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے دفتر کا خصوصی دورہ کیااور پی ایس پی اے کی وائس چیئر پرسن جہاں آرا منظور وٹو سے ملاقات کی۔ جہاں آرا وٹو نے انہیں پنجاب سوشل پروٹیکش اتھارٹی کے سماجی بہبود کے تمام پروگراموں کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت پنجاب پسماندگی میں جینے والے لوگوں کی بہتری اور معاشرے میں انکی فلاح و بہبود کیلئے دن رات انتھک محنت کیساتھ مصروف عمل ہیں۔ امریکی قونصل جنرل نے پی ایس پی اے کے تمام پروگرامز خاص کر زیور تعلیم ، مساوات اور نئی زندگی پروگرام کو خوب سراہا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا معاشرے کی ترقی کیلئے خواجہ سراء کے حقوق کاخیال رکھنا اور بچیوں کے روشن مستقبل کیلئے انہیں معیاری تعلیم مہیا کرنا بہت ضروری ہے اورانہیں معاشرے کا فعال شہری بنانے میں ہی معاشرے کی ترقی اور بقا ہے۔ کرسٹن ہوکن نے وائس چیئر پرسن جہاں آرا وٹو کی سربراہی میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی اور سماجی تحفظ کے پروگراموں کو مضبوط اور ریرپا نتائج حاصل کرنے کیلئے حکومتی اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان تعاون بہت ضروری ہے اب وقت کی ضرورت ہے کہ ہم پسماندہ لوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے متحد ہو کر کام کریں۔