مہنگائی میں معمولی اضافہ، ٹماٹر، پیاز، چینی سمیت 116 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھیں: ادارہ شماریات

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 100 سے زائد اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں پھر سے معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.05 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ حالیہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 12.80 فیصد رہی ہے۔ حالیہ ہفتے میں روزمرہ استعمال کی 116 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور9ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی جب کہ 26 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمتوں میں5.78 فیصد، پیاز کی قیمتوں میں 5.49 فیصد، دال چنا کی قیمتوں میں 1.01 فیصد، آلو کی قیمتوں میں 0.94 فیصد، گڑ کی قیمتوں میں 0.82 فیصد، آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں 0.64 فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 0.15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح تازہ کھلے دودھ کی قیمتوں میں 0.26 فیصد اور دہی کی قیمتوں میں 0.32 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دال ماش کی قیمتوں میں 1.80 فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں 1.35 فیصد، چینی کی قیمتوں میں 1.30 فیصد، کیلوں کی قیمتوں میں 1.27 فیصد، دال مسورکی قیمتوں میں 0.93  فیصد جبکہ آٹے کی قیمتوں میں0.66 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان کے علاوہ انڈوں کی قیمتوں میں 0.28 فیصد اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 0.18 فیصد کمی واقع ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن