نوابزادہ نصراﷲ کیلئے ’’نشان امتیاز‘‘ نوائے وقت کی خصوصی کاوش کا نتیجہ

Sep 28, 2024

لاہور (خاور عباس سندھو، سپیشل کارسپانڈنٹ) مرد حر صدر پاکستان آصف علی زرداری کی جانب سے بابائے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان (مرحوم)کے لئے ’’نشان امتیاز‘‘ کی سفارش نوائے وقت کی خصوصی کاوش کے بعد کی۔ نوائے وقت میں26 ستمبر 2024 کو قومی افق میں نوائے وقت کے چیف رپورٹر ندیم بسرا کا ایک مضمون ’’آصف علی زرداری ہمہ جہت حسن انتخاب‘‘ کے عنوان سے شائع ہوا جس میں جمہوریت کا نعرہ لگا کر عملی طور پر ملک بچانے میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیات کا ذکر کیا گیا جن میں نوابزادہ نصراللہ خان (مرحوم ) اور دیگر اصحاب کی ملک و جمہوریت کے لئے خدمات بیان کی گئیں۔ پاکستان و جمہوریت پسند حلقوں میں نوائے وقت کے اس مضمون کو نہ صرف سراہا گیا بلکہ پیپلزپارٹی قیادت کی طرف سے منیجنگ ڈائریکٹر نوائے وقت گروپ رمیزہ مجید نظامی اور ادارے کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا گیا اور اسی روز صدر پاکستان آصف علی زرداری کی طرف سے نوابزادہ نصراللہ خان (مرحوم) کے لئے ’’نشان امتیاز‘‘ دینے کی سفارش کرتے ہوئے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ ایوارڈ دینے کا عمل شروع کردیں۔ موجودہ دور میں پاکستان کی بقا و استحکام اور جمہوریت کے فروغ کے لئے اگر کوئی شخصیت نمایاں ہے تو وہ پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین اور صدر پاکستان آصف علی زرداری ہیں، جن کی جرات و ثابت قدمی کو مہر ثبت امام صحافت جناب مجید نظامی (مرحوم) نے ’’مرد حر‘‘ کا خطاب دے کر لگائی۔  بابائے صحافت مجید نظامی کے نظریات، افکار اور آراء آج بھی ملک کے شاندار مستقبل کی عکاسی کرتے ہیں اور مجید نظامی جیسی شخصیت کا صدر آصف علی زرداری کو ’’مرد حر‘‘ جیسے لقب سے نوازنا ان کی کماحقہ جمہوری خدمات اور بقائے پاکستان کے لئے شاندار کردار کا اعتراف ہے۔ خاص طور پر جب اسلامی دنیا کی پہلی، پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 2007ء میں شہادت ہوئی تو ملک کے حالات خانہ جنگی کی طرف بڑھنے لگے تو آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کی قیادت سنبھالتے ہوئے نامساعد حالات میں ’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ لگاکر پاکستان کو خون خرابہ سے بچایا اور امن کاپیغام دیا۔ صدر آصف زرداری نے نوابزادہ نصراللہ کے لئے نشان امتیاز کا اعلان کرکے ایک بار پھر استحکام پاکستان اور جمہوری اقدار کے فروغ کی طرف اہم قدم اٹھایا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ دو قومی نظریہ سے لے کر قیام پاکستان اور استحکام پاکستان کے لئے جمہوری رویات کے فروغ میں نوائے وقت ہمیشہ ہی بطور محافظ اپنا کردار نبھاتا آیا ہے۔ مجید نظامی کے اپنے خالق حقیقی سے ملنے کے بعد ان کی بیٹی نوائے وقت گروپ کی ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی نے نوائے وقت کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ، پاک فوج سمیت تمام اداروں کے دفاع اور پاکستان کے استحکام و قیام امن کی پالیسی کو آگے بڑھایا ہے۔ نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے گزشتہ روز چیف رپورٹر ندیم بسرا کو شاندار مضمون پر شاباش دی اور کہا بقائے پاکستان اور استحکام پاکستان کے لئے پاک افواج کی قربانیوں اور جمہوریت پسندوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے رہیں گے۔ 

مزیدخبریں