معاشرے میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کرنے والے شکست کھا چکے ہیں: آرمی چیف

اسلام آباد+کراچی (خبرنگار خصوصی+سٹاف رپورٹر) چیف  آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ وہ افراد جو معاشرے میں مایوسی پھیلانے کی ناکام کوششیں کر رہے تھے، تمام سٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں سے شکست کھا چکے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دورہ کراچی میں تاجر برادری سے ملاقات کی اور ان سے خطاب کیا۔ انہوں نے برادر اور دوست ممالک خاص طور پر چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی پاکستان کی معاشی بحالی میں کئی شعبوں میں مدد پر بھی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کے پاس مختلف شعبوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کو پاکستان کے روشن مستقبل پر مکمل یقین اور اعتماد ہونا چاہیے۔ پاکستان، اللہ کے حکم سے، اپنے حقیقی مقام تک پہنچے گا۔ آرمی چیف نے کراچی کی کاروباری برادری سے بھی ملاقات کی اور ملک کی اقتصادی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا، جبکہ شرکاء نے ’ایس آئی ایف سی‘ کی کارکردگی کی تعریف کی اور ملکی معیشت میں مثبت پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ایف سی مزید معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ جنرل عاصم منیر نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے تمام اقدامات کی حمایت کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔ آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے  کراچی میں ’انوویسٹا انڈس آئی ٹی پارک‘ کا افتتاح بھی کیا۔ یہ پارک پاکستان کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، خصوصاً مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعلیم اور صنعت کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر اہم سول سوسائٹی کی شخصیات نے شرکت کی۔ آرمی چیف نے کراچی کور کے علاقے کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں اور فوج کے زیر اہتمام اہم تربیتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ای پیپر دی نیشن