عطاء تارڑ کی والدہ کا ٹاؤن شپ میں گرلز سکول کا دورہ

لاہور (نیوز رپورٹر+ لیڈی رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے حلقہ این اے 127 کی یو سی 239 میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سیکٹر ڈی 2 ون ٹاؤن شپ کا دورہ کیا۔ کوآرڈینیٹر وومن ونگ این اے 127 رابعہ افضل، چیئرمین یو سی 239 اشفاق جٹ اورصدر وومن ونگ پی پی 162 سعدیہ ملک بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ ساجدہ فاروق تارڑ نے سکول کے مختلف کلاس رومز کا دورہ کیا  اور بچیوں سے گفتگو بھی کی جبکہ سکول کے انتظامات اور کام کا جائزہ لیا۔ ساجدہ فاروق تارڑ نے اشفاق جٹ کی جانب سے سکول کی بچیوں کو عطیہ کیے گئے الیکٹرک واٹر کولر کا تحفہ بھی دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بچے اس قوم کا سرمایہ ہیں اور اساتذہ ان کی تربیت میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پرنسپل فائقہ مسعود نے سکول کے مسائل سے آگاہ کیا۔ بعدازاں ساجدہ فاروق تارڑ نے سکول میں قائم ایمانداری شاپ کو دیکھا اور اس آئیڈیا کی تعریف کی کہ جس میں بچے اپنی مرضی سے چیزیں لیتے ہیں اور چیزوں کی مقررہ قیمت وہاں موجود ایک ڈبہ میں ڈال دیتے ہیں۔ رانا انور خان  چوہدری محمد اسلم، معین الحق، شان یعقوب، ہنوک سکندر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن