لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے دائر درخواست پر مختلف محکموں سے 4 اکتوبر کوکارکردگی رپورٹس طلب کر لیں۔ عدالت نے سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کو بھاری جرمانے کرنے کا حکم دے دیا۔ جوڈیشل کمیشن نے سائنس کالج وحدت روڈ پر درختوں کی کٹائی پر رپورٹ جمع کروا دی۔ عدالت نے وکیل پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ جنہوں نے درختوں کی کٹائی کی ہے ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔ ممبر جوڈیشل کمیشن نے کہا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں مردہ مرغی کا گوشت بک رہا ہے، یہ کسی ایکشن کے بعد ہی باز آئیں گے۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ کل ہم نے ٹولنٹن مارکیٹ میں اس حوالے سے آپریشن کیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ ٹولنٹن مارکیٹ کی ایسوسی ایشن ہمارے ساتھ آن بورڈ آ جائے، ہم ڈپٹی کمشنر لاہور کے ساتھ بھی اس حوالے سے بات کریں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ میں نے دیکھا ہے کہ کچھ ریستوران اپنا پانی بیچتے ہیں، جب تک وہ پانی پاکستان کے سٹینڈرڈ پر پورا نہ اترے، اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ابھی 27 ستمبر ہے اور آپ ٹمپریچر دیکھ سکتے ہیں، یہ کلائیمیٹ چینج ہے، ممبر جوڈیشل کمشن نے کہا کہ مختلف سوسائٹیوں میں ریچارج ویل چل رہے ہیں۔ وکیل ایل ڈی اے نے کہا کہ عدالت کی ہدایت پر ایل ڈی اے نے اپنے رولز میں 30 ترامیم کی ہیں، حسین چوک کو کھود دیا گیا۔ سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے ہیں ان پر بھاری جرمانہ کریں، عدالت نے کہاکہ سڑکوں پر لین کی پابندی ہو جائے تو آدھی آلودگی کم ہو جائے، جو لوگ لین کی خلاف ورزی کرتے ہیں، ان کا چالان کریں۔
ہائیکورٹ کا سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کو بھاری جرمانے کا حکم
Sep 28, 2024