لاہور+ گجرات+ سرگودھا+اسلام آباد (این این آئی+ نمائندگان) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں وحدت روڈ، کلمہ چوک، کینال، کینٹ اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا‘ درجہ حرارت میں کمی ہوئی۔ جڑواں شہروں راولپنڈی‘ اسلام آباد اور مضافات میں موسلادھار بارش سے بعض مقامات پر سڑکیں اور گلیاں تالاب کی شکل اختیار کر گئیں جس کے باعث شہریوں کو روز مرہ کے معمولات اور آمدورفت میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔ کالا باغ، اٹک، جہلم، گجرات، خان پور، نارووال، خوشاب، دینہ، کندیاں اور چشمہ کے اطراف میں بھی تیز بارش ہوئی‘ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پی کے، شمال مشرقی اور وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی و جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کا سلسلہ یکم اکتوبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ گجرات میں شدید آندھی اور طوفان کے باعث جاری رہنے والی بارش سے گجرات شہر پھر پانی میں ڈوب گیا۔ محلہ شاہ حسین، علی پورہ روڈ، رحمن شہید روڈ، جیل چوک، کچہری چوک ، شادمان چوک سمیت متعدد علاقے پانی میں تیرنے لگے۔ 5 سے 7 گھنٹوں میں نکاسی کی صورتحال بہتر بنانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ڈسکہ میں تھانہ صدر کے علاقہ گلوٹیاں خورد کا 40سالہ بابر گزشتہ صبح قبرستان میں دعا مانگ کر باہر نکل رہا تھا کہ آسمانی بجلی گر گئی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ سرگودھا میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے علاقے جل تھل ایک ہو گیا اور دفاتر و گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔وفاقی دارالحکومت میں بارش کے بعد راول ڈیم میں پانی کے ذخائر کی سطح 1752 فٹ تک پہنچ گئی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے راول ڈیم کے سپل ویز کھول دیئے گئے، راول ڈیم کے سپل ویز جمعہ کی صبح 6 بجے کھولے گئے۔سپل وے کھولنے سے پہلے سائرن بجائے گئے اور تمام حفاظتی انتظامات کئے گئے ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی تدابیر جاری کر دی گئیں، جس کے مطابق شہری ندی نالوں کی جانب جانے سے اجتناب کریں، نشیبی علاقوں کے مکین احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔احتیاطی تدابیر کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فی الفور 16 پر رابطہ کریں، مال مویشی کو بروقت محفوظ مقام پر منتقل کر لیا جائے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ندی نالوں اور پلوں کی سخت مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کی تیاری مکمل ہے۔
ڈسکہ: آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق‘ لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش
Sep 28, 2024