بھارت نے پی ٹی آئی دور حکومت میں کشمیر کو  اپنی ریاست ڈکلیئر کیا: برجیس طاہر 

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی)  سابق وفاقی وزیر چوہدری برجیس طاہر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا مگر مقبوضہ کشمیر کو 5 اگست 2019 میں ایک بین الاقوامی سازش کے تحت بھارت نے اپنی ریاست ڈکلیئر کیا، اس وقت بانی پی ٹی آئی کی حکومت تھی۔ اس مسئلہ پر پاکستان کی ایجنسیوں کو چاہئے کہ وہ مکمل تحقیقات کریں کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنانے میں کون سے کردار شامل تھے۔ اسی طرح 1971میں مشرقی پاکستان کو بنگلا دیش بنایا گیا۔ ان دونوں واقعات میں قوم کو سچ نہیں بتایا گیا۔ قوم کو پتہ نہیں لگا کہ پاکستان دولخت کیسے ہوا۔ نمائندگان نوائے وقت ڈاکٹر شیخ جمیل اختر، سلطان حمید راہی اور سیف الرحمن سیفی سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ 9مئی کے واقعات پر پاکستان میں سزائیں نہیں دی جا رہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ہمسائے ہندوستان، افغانستان، پاکستان میں دہشت گردی کروا رہے ہیں تاکہ پاکستان کو ترقی سے روکا جا سکے۔

ای پیپر دی نیشن