فارم 47,45کی بات کیساتھ آرٹی ایس کا ذکر بھی ضروری ہے:جاویدلطیف

Sep 28, 2024

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے عمران خان کے حق میں پراپیگنڈا شروع کر دیا ہے کہ پاکستان کے حالات عمران خان کے ذریعے ہی ٹھیک ہو سکتے ہیں۔ پوری قوم اسرائیلی سازش کو ناکام بنا دے گی۔ 2018 کے الیکشن میں  آر ٹی ایس کی خرابی کے ذریعے  تحریک انصاف کو اقتدار ملا تھا۔ جب فارم 45 اور 47 کی بات کی جائے تو آر ٹی ایس کا ذکر کرنا بھی ضروری ہے۔ آج بجلی کے بلوں نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے شازل چوک  شیخوپورہ میں مرکزی انجمن تاجران گلی حکیماں شیخوپورہ کے نئے عہدے داروں کی تقریب حلف برداری  پر خطاب کرتے کیا۔ میاں جاوید لطیف نے کہا کہ بھٹو کو پھانسی کی سزا دینے والے ججوں نے 40 برس کے بعد اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا ہے، کیا 2017 میں میاں نواز شریف کو گھر بھیچ کر ملک میں ترقی کا عمل روکنے والے جج بھی 40 برس کے بعد اعتراف جرم کریں گے؟۔ انہوں نے کہا  مجھے احساس ہے  عوام کے مسائل دن بہ دن بڑھتے جا رہے ہیں، مجھے امید ہے کہ انجمن تاجران کے نئے صدر حاجی سیٹھ نوید شہزاد اور ان کے دیگر ساتھی تاجر برادری کے علاوہ شہر کے مسائل حل کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔  عہدوں کا حلف اٹھانے والے نئے عہدے داران میں صدر حاجی نوید احمد شہزاد جنرل سیکرٹری رانا احسان سینیئر نائب صدور رانا محمد اطہر محمد وقاص نائب صدور رانا صہیب رانا عثمان ندیم بھٹی فنانس سیکرٹری رانا عدنان جوائنٹ سیکرٹری رانا عبید اللہ ایڈیشنل سیکرٹری اویس مغل سرپرست اعلی حاجی سرفراز احمد چیئرمین حاجی افضال احمد وائیس چیئرمین حاجی رفیق چن شامل ہیں۔

مزیدخبریں