اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات دنیا میں بے مثال ہیں۔ چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے چین کے قومی دن کی مناسبت سے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں شاندار ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات، دنیا میں دو ممالک کے درمیان وہ واحد مثالی تعلقات ہیں جن میں کبھی خزاں کا شائبہ بھی نہیں ہوا۔ دونوں ممالک کی یہ دوستی نہ صرف حکومتی سطح کی ہے بلکہ عوامی سطح کی بھی ہے۔ چین نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا غیر مشروط ساتھ دیا ہے۔ چین نے چار دہائیوں میں 80 کروڑ عوام کو غربت سے نجات دلا کر ایک منفرد مثال قائم کی۔ پاکستان، چین کے طرح اپنی پالیسیز میں تسلسل پیدا کرکے اور اصلاحات متعارف کروا کے ترقی کے سفر کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔ علاوہ ازیں احسن اقبال کی زیرصدارت وزیراعظم کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں کراچی کی بندرگاہوں کے مسائل پر غور کیا گیا۔ احسن اقبال نے پاکستان کی 77 سالہ اقتصادی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہم اس طویل عرصے میں ایکسپورٹ پر مبنی اقتصادی پالیسی نافذ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ہمارے وژن 2010 اور ویژن 2025 سیاسی عدم استحکام کا شکار ہو گئے، لیکن اب ہم ایکسپورٹ پر مبنی معیشت کی طرف بڑھنے کا عزم رکھتے ہیں۔ آئی ایم ایف پروگرام نے پاکستان کو تین سال کے لیے مالیاتی انشورنس فراہم کی ہے جس سے ہمیں موقع ملا ہے کہ ہم اپنی اقتصادی ترقی کو مستحکم کریں۔ اگر ہم نے حالیہ آئی ایم ایف معاہدے سے مناسب فائدہ نہ اٹھایا تو مستقبل میں ہمیں مزید بڑے اقتصادی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔