اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ وانسداد منشیات محسن نقوی سے امریکہ کی بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز (آئی این ایل) کے وفد نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے وفد میں امریکہ کی نائب سفیر نیٹلی بیکر، کنٹری ڈائریکٹر آئی این ایل لائن نیلسن، پولیس ایڈوائزر ایڈ پریسٹن اور پولیس پروگرام سپیشلسٹ فیصل گل شامل تھے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی پولیس و پیرا ملٹری فورسز کی استعداد کار بڑھانے میں آئی این ایل غیر معمولی تعاون فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے پاکستان کا انتہائی اہم تحقیقاتی ادارہ ہے، چاہتے ہیں کہ ایف آئی اے کو آئی این ایل کے تعاون سے ایف بی آئی کی طرز پر متحرک ادارہ بنایا جائے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں جرائم کی سرکوبی کیلئے یہ منصوبہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈ یمی کی تنظم نو انتہائی ضروری ہے، تاکہ اس کو ایک عالمی معیار کی اکیڈمی بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ انسداد منشیات کے ضمن میں بھی ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ امریکی وفد نے دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ امریکی نائب سفیر نے کہا کہ آئی این ایل پچھلے چار دہائیوں سے حکومت پاکستان کے ساتھ ملکر کام کر رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اس تعاون کو مزید مضبوط اور پائیدار بنایا جائے۔ امریکی نائب سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سکیورٹی میں ہی امریکہ کی سکیورٹی ہے۔
امریکی تعاون سے ایف آئی اے کو ایف بی آئی طرز پر متحرک ادارہ بنانا چاہتے ہیں: محسن نقوی
Sep 28, 2024