راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) محمدی مسجد لال کرتی میں نقش رسول کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا کہ نبی پاک کا بتایا ہوا راستہ انسان کو بے راہ نہیں ہونے دیتا ۔جنت کی سڑک پر چلنے کے لئے نقش رسول کو مشعل راہ بنانا ہوگا۔ تمام محکمے نبی پاک کی تعلیمات کی روشنی میں اپنے راستے متعین کریں تو دنیا آخرت میں کامیابی سے منزل تک پہنچ جائیں گے ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم گفتار کے غازی ہیں کردار کے نہیں ہم کتابوں کو مسلمان بنا رہے ہیں انسانوں کو مسلمان نہیں بناتے۔پیغام مصطفی کی تعلیمات سے انسانی زندگی اور سوچ و فکر میں جو انقلاب برپا ہوا ۔اس کی دنیا میں نظیر نہیں ملتی۔ اظہار بخاری نے کہا کہ نقش رسول سے امن کے راستے کھل گئے۔آج امت مسلمہ بستیوں کی دلدل میں اس لیے پھنس گئی اس نے بلندیوں پر جانے والے نبی کا راستہ چھوڑ دیا لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم منافقت حسد ضدبازی کی منڈی کا باب بند کرکے سیرت رسول کے خزانے سے جنت کا پلاٹ بک کر لیں۔