انڈونیشیا کے سوماٹرا جزیرے میں موسلا دھار بارشوں کے سبب لینڈ سلائڈنگ سے سونے کی کان بیٹھ گئی، جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے سوماٹرا صوبے میں دیہاتی سونے کی کان میں کھدائی کرنے میں مصروف تھے کہ اس دوران کان بیٹھ گئی، جس میں درجنوں افراد دب گئے۔
حکام کے مطابق کم از کم 25 افراد اب بھی دبے ہوئے ہیں، اور تین افراد کو امدادی کارکنوں نے زخمی حالت میں زندہ نکال لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تیز بارش اور اندھیرے کے سبب ریسکیو کے عملے کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ سونے کی کان تک قریبی بستی سے چار گھنٹے پیدل چل کر ہی پہنچا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل بھی مغربی افریقی ملک مالی میں سونے کی کان دھنس گئی تھی، جس کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
سونے کی کانوں میں اسکے طرح کے حادثات معمول بن چکے ہیں۔جس کے نتیجے میں بیشتر افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوجاتے ہیں۔