وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان میں دفعہ 804 لگ چکی، دما دم مست قلندر ہونے والا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا احتجاجی قافلہ مردان پہنچ چکا ہے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنا کام کرے ہر چیز کا سامنے کرنے کے لیے تیار ہیں، پنجاب حکومت جو کرسکتی ہے کرلے ہم ڈرنے والے نہیں، ہر رکاوٹ عبور کرکے پنڈی جائیں گے ہر چیز کا سامنے کرنے کے لیے تیار ہیں، آگے آگے تماشا دیکھیں ہوتا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا نے کارکنوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا ہ کے تمام اضلاع سے جلسے کیلئے قافلے روانہ ہوں گے، جن کی قیادت اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کریں گے، قافلے میں شامل تمام لوگ صوابی میں مقررہ جگہ پہنچیں اور احتجاج ختم ہونے تک تمام حلقوں کے قافلے واپس نہیں ہوں گے۔ ادھر وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جیل میں بیٹھا فسادی اور بہروپیا جو چاہتا ہے وہ نہیں ہوگا، دہشت گردوں کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک ہوگا، فتنہ گروپ کو راولپنڈی میں فساد کی اجازت نہیں دی جائے گی، صوابی میں گنڈاپورکی کرین، فائربریگیڈ اور ایمبولینس تیارہے، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور راولپنڈی پر یلغار کرنے آرہے ہیں، انسانی حقوق کے نام پر احتجاج کرنے کی اجازت دینے والی ہائیکورٹ کو سوچنا چاہیئے کہ ایک وزیراعلیٰ AK47 کے ساتھ حملے کرتا ہے، یہ لوگ توڑ پھوڑ اور آگ لگاتے ہیں، علی امین گنڈا پور وزیر اعلیٰ پنجاب سے عقل لے لو، صرف گن لہرا لہرا کر کچھ نہیں ہوتا کوئی ایک منصوبہ ہی دکھا دو جو تم نے کیا ہو۔انہوںے کہا کہ کسی نے آج قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، آج کسی نے امن امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی، کسی نے سڑک بند کی، کسی نے رکاوٹیں لگائیں تو ان کے خلاف ایکشن کے لیے رینجرز تعینات کردی گئی ہے، فتنہ گروپ احتجاج کی آڑ میں فساد پھیلانا چاہتا ہے، جس کے لیے گنڈاپور صوابی سے لشکر لے کر آرہا ہے، ان کو مشورہ ہے کہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، راولپنڈی میں کسی نے قانون توڑا تو سخت ایکشن ہوگا۔