پی ٹی آئی کو لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

Sep 28, 2024 | 16:42

 لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی لاہور کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی،رجسٹرار آفس نے ڈی سی لاہور کیخلاف توہین عدالت کی درخواست 30 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کردی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر درخواست پر سماعت کرینگے۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت ڈی سی لاہور کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔ 

درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ ڈی سی لاہور نے عدالتی احکامات کے باوجود جلسے کی اجازت نہیں دی۔یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف نے 5 اکتوبر کو مینار پاکستان پر جلسے کیلئے درخواست ڈپٹی کمشنر لاہور کو جمع کروادی تھی۔سینئرنائب صدرسینٹرل پنجاب اکمل خان باری کی جانب سے درخواست جمع کروائی گئی تھی جس میں جلسے کی تاریخ اور وقت بھی بتا دیا گیا تھا۔  ضلعی انتظامیہ سے پانچ اکتوبر کو مینار پاکستان میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سالگرہ کی تقریب اور جلسے کی اجازت طلب کی گئی تھی۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ 5 اکتوبر کومینار پاکستان میں جلسہ کی اجازت دی جائے۔ ہم پانچ اکتوبر کو شام 5بجے سے رات10 بجے تک جلسہ کرنا چاہتے ہیں۔ استدعا کی گئی تھی کہ مینار پاکستان جلسے کے تمام شرکا تمام قانونی ضابطوں پر مکمل عمل کریں گے اور وہاں اس سے قبل مولانا فضل الرحمان اور طاہر القادری بھی جلسہ کر چکے ہیں لہٰذا پاکستان تحریک انصاف کو بھی مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت دی جائے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھاکہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور پرامن جلسہ ہر سیاسی جماعت کا آئینی و قانونی حق ہے اس لئے جلسے کی اجازت کیلئے احکامات جاری کئے جائیں۔

مزیدخبریں