فلوریڈا میں سمندری طوفان ہیلن نے شدت اختیار کرلی ہے جو کیٹگری تھری میں تبدیل ہوگیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلوریڈا میں سمندری طوفان کے باعث ساحلی شہر ٹمپا طوفانی بارشوں کی زد میں ہے، سڑکیں سیلاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق ہوائیں ایک سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، طوفانی بارشوں کے باعث ٹمپا برج اور تمام ہوائی اڈے بند کرکے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل چین کے شہر شنگھائی میں طاقتور ترین سمندری طوفان نے تباہی مچادی، جس کے باعث لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق 151 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں سے درخت، عمارتوں کی کھڑکیاں اور اشتہاری بورڈز اُڑگئے۔
تیز رفتار طوفانی ہواؤں کے سبب سڑک پر چلتا ٹرک بھی اُلٹ گیا، راہ گیروں نے درختوں اور کھمبوں کا سہارا لے کر اپنے آپ کو محفوظ کیا۔
چین کے شہر شنگھائی میں طوفان کے باعث 4 لاکھ سے زیادہ افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے جبکہ 14 سو پروازیں منسوخ کردی گئیں، متاثرہ علاقوں میں 12 انچ تک بارش ریکارڈ کی گئی۔