بھارت : اسکول بیگ نہ لانے پر ٹیچر نے بچے کو کرنٹ لگا دیا

Sep 28, 2024 | 17:04

ویب ڈیسک

بھارت میں اسکول بیگ نہ لانے پر ٹیچر نے 7 سالہ بچے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر علی گڑھ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نجی اسکول کے ٹیچر نے بیگ بھول جانے پر 7 سالہ بچے کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

بچے کے والد نے پولیس کو بتایا کہ ان کا بیٹا جیمز، کھریشور دھام مندر کے قریب واقع اسکول میں یو کے جی کا طالب علم ہے، واقعے کے دن جیمز اپنا اسکول بیگ گھر میں بھول گیا تھا، اس کے دادا نے اسے اسکول چھوڑا، میں شہر سے باہر تھا اور اہلیہ بیمار تھیں۔


اہلخانہ کے مطابق ٹیچر نے بیگ بھول جانے پر بیٹے کو بہت مارا اور اس کے کپڑے، جوتے اتار دیے، اسے کرنٹ لگایا گیا۔

جیمز کے اہلخانہ کے مطابق واقعے کے بعد بیٹا روتا ہوا گھر آیا اور والدہ کو ٹیچر کے تشدد سے متعلق بتایا۔

رپورٹ کے مطابق اہلخانہ نے اسکول جاکر احتجاج کیا اور معاملے کی اطلاع مقامی پولیس کو دی جس کے بعد پولیس پوچھ گچھ کے لیے اسکول پہنچی۔

دوسری جانب متعلقہ اسکول کے پرنسپل نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بچے کو بجلی کا کرنٹ لگانے کا الزام غلط ہے۔

ڈی ایس پی رنجن شرما کا کہنا ہے کہ اسکول کے عملے اور منتظمین سے تحقیقات جاری ہیں، تحریری شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔

مزیدخبریں