اسلام آباد میں بیسٹ آف ففٹین (15) کی بنیاد پر کھیلے گئے فائنل مقابلے میں اسجد اقبال نے محمد آصف کو پانچ کے مقابلے میں آٹھ فریم سے شکست دی، دونوں کھلاڑیوں کےدرمیان مقابلہ چھ گھنٹے تک جاری رہا۔ اس کامیابی کے بعد اسجد اقبال نہ صرف پاکستان کے نمبر ون کیوئسٹ بن گئے ہیں، بلکہ انہوں نے اگلے ماہ تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشین سنوکر چیمپین شپ کے لئے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔ نمایاں پوزیشن لینے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کے بعد وفاقی وزیر کھیل اعجاز جاکھرانی کا کہنا تھا کہ وزارت کھیل تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشین سنوکر چیمپین شپ میں حصہ لینے والے پاکستانی کھلاڑی کی بھرپور مدد کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے کھیلوں کا بجٹ دو گنا کرنے پر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا شکریہ بھی ادا کیا۔