خستہ ہال ویلیوڈ روم پر قومی سائیکلنگ چیمپئن شپ شروع‘ 500 میٹر ٹائم ٹرائل میں راحلیہ بانو فاتح

Apr 29, 2011

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (اشرف چودھری/سپورٹس رپورٹر) خستہ ہال ویلیوڈروم پر 9ویں قومی ویمن سائیکلنگ چیمپئن شپ شروع ہو گئی۔ پہلے روز صرف ایک ایونٹ کا فائنل ہو سکا جبکہ ٹیکنیکل آفیشلز کی نالائقی کی وجہ سے تین کلومیٹر انفرادی ریس کا فیصلہ تنازعہ کا شکار ہو گیا۔ تفصیلات لاہور کے ویلیوڈروم میں شروع ہونے والے ویمن سائیکلنگ چیمپئن شپ کا افتتاح احمر ملک نے کیا جبکہ اس موقع پر مختلف سکولز کے بچوں اور بچیوں نے پی ٹی شو اور میوزک پر پرفارم کر کے چیمپئن شپ کو رنگین بنا دیا۔ واحد ہونے والے 5 سو میٹر ٹائم ٹرائل میں واپڈا کی راحیلہ بانو نے مقررہ فاصلہ 40.98 سیکنڈ میں طے کرکے اول پوزیشن حاصل کی۔ صبیحہ ناصر نے دوسری جبکہ انعام نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دریں اثناءپاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ادریس حیدر خواجہ کا کہنا ہے کہ حکومت اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی عدم توجہ کی بناءپر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن 9 ویں قومی ویمن سائیکلنگ چیمپئن شپ بھی ٹوٹے پھوٹے ویلیوڈروم پر منعقد کرانے پر مجبور ہو گئی۔ چھ سال قبل ویلیوڈروم کی تعمیر کے لئے پی سی ون منظور ہوا تھا جس کے بعد محکمہ خزانہ کی جانب سے فنڈز بھی جاری ہو گئے تھے۔ تقریباً 4 سال تک بعد پی ایس بی نے فنڈز کو واپس خزانے میں بھجوا دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم نے بھرپور کوشش کی کہ لاہور میں نیا سائیکلنگ ویلیوڈروم تعمیر ہو جائے لیکن ایسا نہیں ہو سکا جس پر جتنا بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں انفراسٹرکچر ہی نہ ہو وہاں کھیلیں ترقی کیا کرینگی، ایسا لگتا ہے کہ حکومت کی ترجیحات میں چھوٹی کھیلوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ ادریس حیدر خواجہ نے کہا کہ ٹوٹے پھوٹے ویلیوڈروم پر تیاری کے باوجود ہماری کھلاڑی ایشیا لیول پر منعقد ہوونے والے ٹورنامنٹ میں میڈلز لیکر آئے ہیں۔ ٹورنامنٹ کی آرگنائزنگ سیکرٹری تانیہ ملک نے کہا کہ 9 ویں قومی خواتین سائیکلنگ چیمپئن شپ سے ہمیں نئی کھلاڑی دستیاب ہونگی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ کھیلوں کا انفراسٹرکچر بنائے تاکہ ہمارے کھلاڑی قومی مقابلوں میں عالمی معیار کی تیاری کر سکیں۔ قومی چیمپئن راحلیہ بانو نے کہا کہ دنیا میں ایسی خستہ جگہ نہیں۔
مزیدخبریں