سلالہ حملہ پر معافی کا معاملہ: پاکستان‘ امریکہ مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار‘ گراسمین ناکام واپس چلے گئے: امریکی اخبار

Apr 29, 2012

سفیر یاؤ جنگ
نیویارک (ثناءنیوز+آئی این پی ) امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اعلیٰ سطح کے حالیہ مذاکرات سفارتی ڈیڈ لاک کا شکار ہونے کے بعد ناکام ہو گئے ہیں ۔امریکی اخبار ” نیویارک ٹائمز “ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے اوباما انتظامیہ سے سلالہ چیک پوسٹ حملے پر غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا تاہم امریکہ نے طالبان کے افغانستان میں حالیہ حملوں پرغصہ کی وجہ سے معافی مانگنے سے انکار کردیا ۔ پاکستان کے دورہ پر آئے امریکی صدر کے خصوصی نمائندے مارک گراسمین کسی سمجھوتہ کے بغیر اسلام آباد سے واپس چلے گئے ۔ اخبار کے مطابق پاکستان نے غیر مشروط معافی سے پہلے نیٹو سپلائی بحال کرنے سے انکار کردیا۔ جس کے بعد مارک گراسمین کے پاکستانی قیادت سے مذاکرات ناکام ہو گئے ۔ مارک گراسمین سلالہ حملہ کے نتیجہ میں دونوں ملکوں کے درمیان پیدا ہونیوالی دوری کو ختم کرنے کیلئے دو روز سے پاکستانی حکام سے مذاکرات کر رہے تھے۔امریکی اخبار کے مطابق نئی صورتحال کے بعد تین ہفتوں پر شکاگو میں ہونے والی نیٹو کانفرنس میں پاکستان کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے اور اس کانفرنس میں پاکستان کی عدم شرکت شرمناک ہو گی۔ نیٹو سپلائی بحال نہ ہونے پر امریکہ 1.18 ارب ڈالر کی رقم اور 3 ارب ڈالر کی وعدہ کردہ فوجی امداد روک سکتا ہے۔
مزیدخبریں