لاہور (خبرنگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف ملک کو مسائل سے نکالنے کا تمام ہوم ورک مکمل کر چکے ہیں۔ نواز شریف کے سوا دوسرا کوئی رہنما قوم کی قیادت کے معیار پر پورا نہیں اترتا۔ ایک کھلاڑی قوم کو نئے نئے تجربوں کی بھٹی میں جھونکنا چاہتا ہے۔ عوام کرکٹ کے کھیل سے سیاست جیسے سنجیدہ شعبے میں قدم رکھنے والے ایسے ناپختہ اور اناڑی کے ہاتھ ملکی معاملات دینے کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور میں مختلف انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز شہباز نے کہا کہ اقتدار میں آ کر مسلم لیگ (ن) کی قیادت سب سے پہلے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا منصوبہ جنگی بنیادوں پر شروع کرے گی اور اسے سالوں کی بجائے مہینوں میں میٹرو بس کی سی سرعت اور شفافیت کے ساتھ مکمل کر کے نہ صرف عوام کو اس عذاب سے نجات دلائے گی بلکہ توانائی کے بحران کی وجہ سے ڈوبتی ہوئی قومی معیشت بھی بجلی کی فراوانی کی وجہ سے دوبارہ اپنے پاﺅں پر کھڑی ہو جائے گی۔ نواز شریف پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ حکومت میں آنے کے بعد اسلام آباد میں آرام نہیں کریں گے بلکہ بجلی کے پیداواری یونٹوں کے پاس ہی خیمے لگا کر اس وقت تک وہاں سے نہیں ہلیں گے جب تک اپنے اہل وطن کو اس تباہ کن صورتحال سے باہر نہیں نکال لیتے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی صوبہ پنجاب میں گڈ گورننس پورے ملک میں ایک مثال بن چکی ہے۔ پاکستان کے ہر شہری اور علاقے کا یہ حق ہے کہ اسے ایسے حکمران اور منتظمین ملیں جو چور ڈاکو لٹیرے اور ٹھگ نہ ہوں بلکہ وطن کی محبت سے سرشار اور ملک کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور عزم و حوصلہ سے مالا مال ہوں۔ پورے پاکستان میں میاں نواز شریف کے سوا دوسرا کوئی رہنما قوم کی قیادت کے اس معیار پر پورا نہیں اترتا۔ پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے پاکستان کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں پہنچا دیا ہے۔ دوسری طرف ایک خود ساختہ شکاری ہاتھ میں بلا پکڑے شور مچا رہا ہے کہ وہ شیر کا شکار کرے گا۔