ایوب، ضیا ہو یا مشرف آئین توڑنے والے کو قوم معاف نہیں کریگی: سعد رفیق

Apr 29, 2014

رحیم یار خان+ ملتان (نوائے و قت رپورٹ+ ثناء نیوز) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جس طرح کرپٹ سیاستدانوں نے سیاست اور پی سی او پر حلف لینے والوں نے عدلیہ کو بے توقیر کیا ہے اسی طرح مارشل لاء لگانے والے جرنیلوں نے افواج کو متنازعہ بنایا ہے۔ انہوں نے کراچی سے ٹرین کے ذریعے سفرکے دوران ملتان اور رحیم یارخان میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئی کہا کہ جوشخص آئین توڑے گا قوم اس کو معاف نہیں کرے گی۔ خواہ ایوب خان، ضیاء الحق یا پرویز مشرف ہو، ان لوگوں نے پاکستان کے وقار کو بھی نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ بے شمار قربانیاں دینے والی پیشہ ور افواج کو بھی نقصان پہنچایا، ریلوے ٹریک اور ٹرینوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وہ دہشت گردوں کو پیغام دینے کے لئے فیملی کے ساتھ ٹرین پر سفر کررہے ہیں کہ ہمیں ان سے کوئی خوف نہیں، جو لوگ بم لگاتے ہیں ان کا عمل وحشیانہ ہے وہ معصوم لوگوں کی جانوں سے نہ کھلیں، ہم اگر طالبان سے بات کرسکتے ہیں تو جو گروپس حقوق کے نام پر یہ عمل کرتے ہیں ان سے کیوں نہیں بات کر سکتے، مگر بندوق کو کنپٹی پر رکھ کر بات منوانے کے طریقہ کو ہم نہیں مانتے۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکومت ایک بڑی انوسٹمنٹ کررہی ہے اور اب جلد وقت آئے گا جب پاکستان کے لوگ 140کی سپیڈ سے ٹرین کو دوڑتا ہوا دیکھیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات مشکل کام تھا اور ہے ڈرون حملے مشرف دور کا شاخسانہ ہیں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹریکس کی حفاظت صوبائی ذمہ داری ہے ٹریکس کی حفاظت کے لئے فورس بنانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ 5 ریلوے انجن آپریشنل ہو گئے ہیں۔

مزیدخبریں